ریڈیو لسنرز کلب نشریات کی دنیا کے ماتھے کا جھومر آن لائن نمائش کا اختتام

اسلام علیکم  دوستو
جیسا کہ آپ تمام دوستو کو علم ہے  جس آن لائن نمائش " ریڈیو لسنرز کلب نشریات کی دنیا کے ماتھے کا جھومر" ہم نے 02 جولائی کو شروع کی تھی وہ آج بخیر خوبی اختتام کو پہنچ رہی ہے ،  اس پر اللہ تعالی کت سامنے سجدہ ریز ہیں کہ اس ذات نے بہت سی مشکلات  کے باوجود کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ اس میں شرکت کرنے والے کلبوں نے بہت بھرپور انداز میں شرکت کی یقین جانیں اس کا ہمیں خود بھی اندازہ نہیں تھا  بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اس نمائش میں ایسے ایسے نوادرات پوسٹ کیئے گئے جنہیں ہم دیکھ کر نہ صرف حیران ہوئے بلکہ ہمارا سر فخر سے بلند ہوگیا کہ ہمارے سامعین دوست  نشریاتی اداروں سے موصول ہونے والی چیزوں کو اتنی محبت سے سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں ۔جہاں کلبوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہیں اس نمائش کو دیکھنے والوں نے بھی اسے بہت سراہا جس میں نشریاتی اداروں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جنہوں نے گاہے بہ گاہے اپنے پروگراموں میں اس حوالے سے تعریفی پیغامات نشر کیئے ۔ ہم ان تمام نشریاتی اداروں، سامعین اور ناظرین کے تہہ دل سے شکرگذار ہیں ۔ یہاں پر ہم انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائیزیشن کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس تقریب کے لیئے بہت بہت محنت کی کئی کلبوں کی اس قدر زیادہ   پوسٹنگ ہوئیں کہ ہمیں راتوں کو جاگ کر انہیں اپروو کرنا پڑا یا پھر انہیں نمائش کے صفحہ پر ترتیب دے کر منتقل کرنا پڑا جو ایک محنت طلب کام تھا ۔جہاں ایک جانب کلبوں نے سامعین کے سامنے اپنی اشیاء پیش کیں ان سے نئے سامعین میں ریڈیو کی رغبت بڑھی وہیں ان کی تمام اشیاء بھی یکجا ہو کر انٹرنیٹ پر محفوظ ہوگئیں ۔
یہاں ریڈیو سامعین کی محفل واٹس ایپ گروپ کے تمام ممبران کا بھی شکریہ ادا کرنا لازم ہے کہ انہوں نے اس تمام عرصے میں تنظیم کے ساتھ بے انتہا تعاون کیا اور ساتھیوں کی نمائش میں پوسٹنگ کرنے کے بارے میں رہنمائی کرتے رہے۔
نمائش کے آغاز پر بنائی جانے والی جیوری میں شامل اراکین نے بھی نہایت باریک بینی سے نمائش کا جائزہ لیا اور شریک کلبوں کی نا صرف رہنمائی کی  بلکہ ان کی بہترین حوصلہ افزائ بھی کی ۔
دوستو ۔ آج رات اس تقریب کا اختتام ہوجائے گا پھر جیوری میں شامل معزز منصفین  فیصلہ کرینگے کہ اس کے نتیجے کا اعلان کب کیا جائے  ۔ جیوری نتیجہ کا اعلان براہ  راست کرے گی ۔ یہاں جیوری کو ایک بات واضح کرتا چلوں کہ مجھ سمیت تنظیم کے کسی بھی ممبر کو نہیں معلوم کہ کیا نتیجہ آئے گا  ، اگر تنظیم کی جانب سے مجھ سمیت کسی بھی ممبر نے نتائج  کے لیئے کسی بھی کلب کی سفارش کی یا ایسی کوئی بات کی جس سے یہ تاثر ملا کہ تنظیم کا رجحان کسی ایک کلب کی جانب ہے تو جیوری اراکین اس ممبر کا نام  فیس بک گروپ یا نمائش کے صفحہ پر پوسٹ کرسکتے ہیں جسے فوری طور پر تنظیم سے خارج کردیا جائے ۔
دوستو۔ نمائش کا اعلان اس کے شروع ہونے سے ایک ماہ پہلے سے کیا جاتا رہا لیکن نمائش شروع ہونے کے بعد بہت سے کلبوں نے تنظیم سے رابطہ کیا اور کچھ انفرادی سامعین نے بھی کہ ہم بھی نمائش میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن ہمارے لیئے ایسا ممکن نہیں تھا اس لیئے تنظیم کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسے تمام کلب اور سامعین کو بھی موقع دیا جانا چاہیئے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو  گو کہ  وہ مقابلے میں شامل نہیں ہونگے، اسی خاطر کل مورخہ 10 اگست 2017 سے وہ تمام کلب اور سامعین اپنی پوسٹنگ تنظیم کے فیس بک گروپ کے صفحے پر کرسکتے ہیں ، نمائش کے صفحے پر پوسٹنگ کا طریقہ کار کچھ دوستو ں کو دشوار لگتا ہے اس لیئے فیس بک گروپ کے صفحے پر بھی پوسٹنگ کی سہولت دی گئی ہے ۔ہمیں خوشی ہے کہ کل ہمارے  بہت سینئیر سامع اور ڈی ایکسر محترم جناب عابد حسین ساجد صاحب اپنی پوسٹنگ کا آغاز کرینگے اسی طرح ایک دوسرے سینئیر سامع جناب سراج نظامانی صاحب بھی پوسٹنگ کا ارادہ رکھتے ہیں مزید کلب اور سامعین کو بھی مکمل آزادی ہے بلکہ اس تحریر کی توسط سے دل کی گہرائیوں سے انہیں شرکت کی  دعوت دی جاتی ہے ۔
دوستو۔ نمائش میں  کلبوں کی بھرپور شرکت اور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے تنظیم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اس نمائش کا انعقاد ہر سال کیا جائے گا  کیوں کہ یہ پہلی آن لائن نمائش تھی اس لیئے کلبوں کو ان کے قیام سے لے کر اب تک کی کارکردگی پوسٹ کرنے کو کہا گیا تھا  لیکن مستقبل میں منعقد ہونے والی نمائش میں کلب ایک سال کی کارکردگی پیش کرینگے یعنی اگلے سال نمائش میں کلبوں کی اگست 2017 سے 2018 کے نمائش کے انعقاد والے ماہ تک کی کارکردگی پوسٹ کرنی ہوگی جس کے لیے دوستوں کو  ان اشیاء کی تصاویر محفوظ رکھنی ہونگی جو ظاہر کرینگی کہ یہ اگست 2017 سے 2018 کے درمیان موصول ہونے والی اشیاء ہیں۔ اس بات پر بھی غور کیا جارہا ہے کہ آئیندہ انفرادی سامعین کو بھی موقع دیا جائے کہ وہ بھی نمائش میں شرکت کریں (اس پر صلاح مشورے جاری ہیں ) ۔

دوستو ۔ یہ تمام کامیابیاں آپ تمام سامعین دوستوں کی مرہون منت ہے اگر سامعین کی کڑیاں یک جا نا ہوتیں تو کبھی یہ مضبوط زنجیر نا بنتی تمام موتی یکجا نا ہوتے تو خوبصورت مالا نا بنتی تمام پھول یکجا نا ہوتے تو یہ مہکتا گلدستہ کبھی نا بنتا ۔ آج میں برملا اس نمائش کی مقبولیت اور کامیابی کا سہرہ  تمام ریڈیو سامعین کے سر باندھتا ہوں کہ اگر آپ سب کا ساتھ نا ہوتا تو یہ کبھی بھی ممکن نا ہوتا ۔
آخر میں ان تمام کلبوں کے سربراہان کا شکریہ جنہوں نے اس نمائش میں شرکت کرکے اسے ایک ناقابل فراموش تقریب بنادیا  جن میں العوان لسنرز کلب فیصل آباد  پاکستان کے لیاقت علی اعوان صاحب ، دیش پریمی ریڈیو لسنرز کلب  بھارت کے عابد علی منصوری صاحب ، انٹرنیشنل ریڈیو  لسنرز فرینڈ شپ بھارت کے متل کانسل صاحب ،جئے ساگر بلوچ ریڈیو لسنرز کلب سانگھڑ پاکستان کے ساگر دین محمد بلوچ صاحب ، جناح ڈی ایکس کلب لیہ  پاکستان  کے محمد ادریس صاحب ،جسکانی ریڈیو لسنرز کلب خیرپور میرس  پاکستان کے شاہنواز جسکانی صاحب ،محبت لسنرز کلب پتوکی پاکستان  کے  ساجد ارشاد نمبردار صاحب، پاک لسنرز کلب جھنگ پاکستان کے  محمد عقیل بشیر صاحب ، ساقی انٹرنیشنل لسنرز کلب جھنگ پاکستان کے  تنویر ساقی صاحب ، ستوڑہ لسنرز کلب ٹیکسلا پاکستان کے سردار منیر اختر صاحب ، سیون اسٹار لسنرز کلب چینیوٹ پاکستان کے سلیم اختر چدھڑ صاحب ، ایشیاء انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز کلب دادو پاکستان کے امین لغاری صاحب  اور یونیورسٹی ریڈیو لسنرز کلب فیصل آباد کی محترمہ  سمیرہ اکبر صاحبہ شامل ہیں ۔
ہم جیوری میں شامل عابد حسین ساجد صاحب ، دلدار  لغاری صاحب ،مہر عبدالستار سلفی صاحب ، اعظم سومرو صاحب اور عقیل مشرفی صاحب  کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے شرکت کرنےوالے کلبوں کی حوصلہ افزائی کی  اور کلبوں کی رہنمائی کی اور جہاں کوئی غلط  پوسٹنگ دیکھی اس کی نشاندہی کی ۔دوستو  انسان خطاء کا پتلا ہے ہم سے کہیں نا کہیں  غلطی بھی ہوئی ہوگی کسی کی دل آزاری بھی ہوئی ہوگی اس کے لیئے ہم معافی کے طلب گار ہیں ۔
ہم ایک بار پھر آپ تمام دوستوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں  جنہوں نے ہمیں یہ احساس دلایا کہ اس نمائش کا انعقاد ہماری تنظیم نے نہیں بلکہ تمام ریڈیو سامعین نے کیا اورہماری قدم قدم پر رہنمائی کی  مدد کی مشورے دیئے ۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو
محمد ارشد قریشی 

No comments:

Post a Comment